علی پور چٹھہ: حاملہ اور مادہ جانوروں کا گوشت فروخت

علی پور چٹھہ: حاملہ اور مادہ جانوروں کا گوشت فروخت

علی پور چٹھہ (تحصیل رپورٹر) ویٹرنری ڈاکٹروں کی نااہلی کے باعث حاملہ اور مادہ جانوروں کا گوشت سرعام فروخت ہونے لگا۔ علی پور چٹھہ اور نواح میں ویٹرنری شعبہ کی مجرمانہ غفلت نے جانوروں کے حقوق اور عوام کی صحت کو شدید خطرے میں ڈال دیا ہے ۔

منڈیوں سے لاغر، بیمار، حاملہ اور دودھ دینے والے جانور براہِ راست سلاٹر ہاؤس منتقل کیے جا رہے ہیں، جہاں ذبح کے بعد ناقص گوشت مارکیٹ میں بیچا جا رہا ہے ۔ صورتحال اس وقت سنگین ہو گئی جب سلاٹر ہاؤس کے باہر مادہ جانور کو ذبح کرنے کے بعد اس کے پیٹ سے بچھڑے کی مردہ لاش باہر پھینک دی گئی، جسے آوارہ کتے نوچتے رہے ۔ اس منظر کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے سے عوام میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔ شہریوں نے اسے ویٹرنری عملہ کی مبینہ کرپشن اور قصابوں کی بے رحمی کا کھلا ثبوت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ نہ صرف جانوروں پر ظلم ہے بلکہ عوام کی صحت سے بھی کھلواڑ ہے ، کیونکہ اس سے بیماریوں کے پھیلنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ ویٹرنری ڈاکٹر اور عملہ کو فوری معطل کیا جائے ، حاملہ و مادہ جانوروں کے ذبح پر پابندی پر سختی سے عمل کرایا جائے اور سلاٹر ہاؤسز کی نگرانی و صفائی کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں