امریکہ اور پاکستان کا سٹیم تعلیم کو مضبوط بنانے کے لیے اشتراک
لڑکیوں کی شمولیت اور قیادت میں اضافہ، پاکستانی اساتذہ ، طلبہ کے تدریسی معیار میں بہتری ہوگی
اسلام آباد(وقائع نگار) پاکستان میں امریکی مشن نے وینڈر بلٹ یونیورسٹی (ٹینیسی، امریکہ) کے اشتراک سے STEMpowered منصوبے کی کامیاب تکمیل کا اعلان کیا۔ 294,000 ڈالر کی لاگت سے مکمل ہونے والے اس منصوبے کا مقصد پاکستان میں سٹیم (سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی) تعلیم کو مضبوط بنانا تھا، جس کے لیے امریکی تدریسی اور قیادی مہارتوں سے استفادہ کیا گیا۔ سکھر آئی بی اے (SIBA) یونیورسٹی اور بیونڈ دی کلاس روم ایجوکیشن کے تعاون سے اس پروگرام کے تحت SIBA فیکلٹی کے لیے وینڈر بلٹ یونیورسٹی میں ایک ہفتے پر مشتمل تربیتی دورہ منعقد کیا گیا، جس میں سٹیم تدریسی طریقۂ کار، تحقیق، تعلیم میں مصنوعی ذہانت، اور کلاس روم کے عملی مسائل کے حل پر توجہ دی گئی۔پروگرام کے اختتام پر، قونصل جنرل خانہ کراچی نے وینڈر بلٹ کی پیبوڈی کالج آف ایجوکیشن اینڈ ہیومن ڈیولپمنٹ کے اشتراک سے چار روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا، جس میں پاکستان کے 30 سٹیم اساتذہ، پیبوڈی کالج کے چار فیکلٹی اراکین، SIBA کے 11 اساتذہ، اور 16 طلبہ نے شرکت کی۔ انٹرایکٹو سیشنز اور پیشکشوں کے ذریعے شرکاء نے اپنی تدریسی مہارتوں کو بہتر بنایا اور مستقبل میں تعاون کے لیے پیشہ ورانہ روابط قائم کیے ۔ اس پروگرام نے آغا خان یونیورسٹی سمیت دیگر تعلیمی اداروں کے ساتھ روابط کو بھی مضبوط کیا اور عالمی سطح پر سٹیم تعلیم میں امریکی قیادت کو اجاگر کیا۔ پروگرام کے شرکاء نے ایک STEM ٹول کِٹ اور کریکولم کوالٹی ایشورنس فریم ورک تیار کیا، جو پورے ملک میں امریکی بہترین تدریسی طریقوں کے نفاذ میں معاون ثابت ہوں گے ۔