سپیکر اسمبلی کی قیادت میں وفد کا مالدیپ کا دورہ، اہم ملاقاتیں

 سپیکر اسمبلی کی قیادت میں وفد کا مالدیپ کا دورہ، اہم ملاقاتیں

خطے میں امن کیلئے پاکستان کی کوششیں قابل ستائش ، تعلقات بڑھائینگے ،مالدیپی نائب صدر

اسلام آباد(نامہ نگار)اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں پاکستانی پارلیمانی وفد نے جمہوریہ مالدیپ کے نائب صدر عز حسین محمد لطیف سے ایوانِ صدر، مالدیپ میں ملاقات کی۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی قیادت میں پارلیمانی وفد، سپیکر پیپلز مجلسِ مالدیپ عبدالرحیم عبداللہ کی خصوصی دعوت پر جمہوریہ مالدیپ کے سرکاری دورے کر رہا ہے ۔سپیکر نے نائب صدر، پیپلز مجلس اور حکومتِ مالدیپ کی جانب سے دی گئی پرتپاک میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔ سپیکر نے دونوں ممالک کے مابین دوطرفہ اور پارلیمانی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مالدیپ کے ساتھ دوستی کو بڑی اہمیت دیتا ہے ۔ سپیکر نے کہا کہ سرحد پار دہشت گردی خطے اور عالمی امن کے لیے ایک سنگین چیلنج ، کراس بارڈر دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ اقدامات ضروری ہیں، مالدیپ کے نائب صدر نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے سیاحت اور اعلیٰ تعلیم سمیت اہم شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے وسیع امکانات پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ عوامی روابط، تعلیمی تعاون اور ادارہ جاتی شراکت داری دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں