پیرا فورس کا یوسف والا اڈہ پر بڑا اینٹی انکروچمنٹ آپریشن
ساہیوال (سٹی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن اور چیئرمین پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی وڈپٹی کمشنر شاہد محمود کی خصوصی ہدایت پر ایس ڈی ای او پی ای آر اے نعمان قیصر کی سربراہی میں۔۔۔
یوسف والا اڈہ پر بڑے پیمانے پر اینٹی انکروچمنٹ آپریشن کیا گیا۔ آپریشن میں پیرا ساہیوال کے عملے اور بھاری نفری نے حصہ لیا۔کارروائی کے دوران غیر قانونی طور پر تعمیر شدہ ڈھابے ، قائم شدہ کھوکھے ، فٹ پاتھوں اور سڑک پر لگی ریڑھیاں اور قبرستان کے قریب لگایا جانے والا ہفتہ بازار مکمل طور پر ہٹا دیا گیا۔ انتظامیہ کے مطابق یہ تجاوزات نہ صرف پیدل چلنے والوں کے لیے مشکلات کا سبب بن رہی تھیں بلکہ سڑک کے دونوں اطراف ٹریفک کی روانی میں شدید رکاوٹ ڈال رہی تھیں۔ ایس ڈی ای او نعمان قیصرنے اس موقع پرواضح کیاکہ عوامی مقامات اور سڑکوں پر قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر اور گردونواح میں تجاوزات کے خلاف مہم بلا امتیاز جاری ہے جس کا مقصد شہریوں کو بہتر اور محفوظ سفری سہولیات فراہم کرنا ہے ۔انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ تجاوزات ازخود ختم کر کے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں تاکہ سڑکیں کشادہ، شہر صاف ستھرا اور آمدورفت میں آسانی پیدا ہو سکے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ آئندہ کسی بھی جگہ تجاوزات پائی گئیں تو سامان ضبط کر لیا جائے گا اور ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔