جامعہ گجرات میں یوم آزادی بھرپور جذبے سے منایا گیا
گجرات(سٹی رپورٹر)جامعہ گجرات میں یوم آزادی بھرپور قومی جذبہ اورروایتی جوش و خروش سے منایا گیا۔ حافظ حیات کیمپس میں تقریب میں اساتذہ وانتظامیہ نے اپنے خاندانوں سمیت شرکت کرتے ہوئے وطن عزیز سے لازوال محبت ویگانگت کا مظاہرہ کیا۔
جشن آزادی تقریبات کا آغاز صبح نماز فجر کے وقت مرکزی جامع مسجد میں وطن کی سلامتی و ترقی کے لیے اجتماعی دُعا کے ساتھ کیا گیا۔ بعد ازاں وائس چانسلر آفس بلاک کے سامنے تقریب ہوئی ۔ رجسٹرار نعیم بٹ نے ڈین پروفیسر ڈاکٹر شاہد اقبال اور ڈین پروفیسر ڈاکٹر زاہد یوسف کی ہمراہی میں پرچم کشائی کی۔ مہمانان خصوصی نے شجر کاری کے حوالہ سے یادگاری پودے لگاتے ہوئے پاکستان کو سرسبز و شاداب بنانے کا عزم کیا۔شرکا نے جشن یوم آزادی کی خصوصی واک میں بھی شرکت کی۔ اس موقع پر رجسٹرار نعیم بٹ نے دیگر شرکا کی ہمراہی میں پاکستان کی سالگرہ کا شاندار یادگاری کیک کاٹا۔پروفیسر ڈاکٹر شاہد اقبال نے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر ظہور الحق کی نمائندگی کرتے خطاب میں کہا کہ آزادی ایک گرانقدر نعمت ہے مگر آزادی ایک بیش بہا ذمہ داری بھی ہے ۔ پاکستانی قوم کے ذمہ دار فرد ہونے کے ناطہ سے ہم اپنی پُر خلوص خدمات کے ذریعے وطن عزیز کا نام روشن کرسکتے ہیں۔ پاکستان اسلاف کی بیش بہا قربانیوں کا عظیم ثمر ہے ۔ ہم اپنے اقوال و اعمال کی سچائی کے ذریعے ملک کو پُر وقار بنا سکتے ہیں۔ اپنے علم و عمل کو وطن کی خدمت کے لیے وقف کرتے ہوئے پائیدار معاشرہ کی تشکیل ممکن ہے ۔ نعیم بٹ نے کہا پاکستان کی کامیابی و ترقی ہماری بھرپور کاوشوں کی مرہون منت ہے ۔ اجتماعی شعور کے ذریعے پاکستان کو عظمت کی بلندیوں پر فائز کرناہم سب کی ذمہ داری ہے ۔تقریب کے شرکا نے اپنی مخلصانہ کاوشوں کو بروئے کار لاتے ہوئے وطن عزیز کو مستحکم و خوشحال بنانے کا عزم کیا۔