علی پور چٹھہ سب ڈویژن گیپکو میں مبینہ کرپشن کے الزامات
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر)علی پور چٹھہ سب ڈویژن گیپکو میں مبینہ کرپشن اور شہریوں سے بھاری رقوم بٹورنے کے الزامات سامنے آ گئے ۔
شدید گرمی اور حبس میں ٹرانسفارمرز کی خرابی نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی، متاثرین کا کہنا ہے کہ مرمت اور نئے ٹرانسفارمرز کی تنصیب کیلئے محکمے کا عملہ عوام سے لاکھوں روپے وصول کر رہا ہے ۔ ابو عمر، ایاز محمود لون، سرفراز سعید، ذیشان بٹ، رحمت علی اور اعجاز و دیگر مقامی رہائشیوں نے میڈیا کو بتایا کہ جب بھی کسی محلے کا ٹرانسفارمر خراب ہوتا ہے ، گیپکو سب ڈویژن کا عملہ مرمت کے بجائے پہلے فنڈز اکٹھے کرنے کا مطالبہ کرتا ہے ۔ عملہ واضح طور پر کہتا ہے کہ جب تک محلے سے 20سے 25ہزار اکٹھے کر کے نہیں دیئے جائینگے ، ٹرانسفارمر کی مرمت نہیں ہوگی۔ کئی بار شکایات کے باوجود نہ تو اعلیٰ حکام نے نوٹس لیا اور نہ ہی کرپٹ عناصر کیخلاف کارروائی کی گئی۔