پھٹریہ شاپس پر نرخ نامے نمایاں جگہ آویزاں کرنے کا حکم
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد کا علی الصبح سبزی منڈی کھیالی گوجرانوالہ کا اچانک دورہ، انہوں نے مارکیٹ کمیٹی حکام کو تمام پھٹریہ شاپس پر ریٹ لسٹیں نمایاں جگہ پر آویزاں کرنے کے احکامات جاری کئے ۔
سبزی و پھل منڈی میں صفائی امور، تجاوزات اور انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ پھلوں اور سبزیوں کے درست نرخ نامے آویزاں ہونے سے ناجائز منافع خوری میں واضح کمی آتی ہے اس پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ، شہری بھی دکانداروں سے خریداری سے قبل ریٹ لسٹ طلب کریں، عدم فراہمی پر وزیر اعلٰی پنجاب شکایات سیل پر یا قیمت پنجاب ایپ پر شکایات درج کرائیں۔ڈپٹی کمشنر نے پھلوں اور سبزیوں کی نیلامی / بولی کا جائزہ لیا، پھلوں اور سبزیوں، آلو، ٹماٹر، پیاز، ادرک سمیت دیگر پھلوں اور سبزیوں کی طلب کے مطابق رسد کے حوالے سے مارکیٹ کمیٹی حکام سے بریفنگ لی۔ علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر زٹیچنگ ہسپتال ،جی ٹی روڈ ، شمسی چوک ، سٹی فلائی اوور ، سیالکوٹی دروازہ، کنگنی والا بائی پاس ، کھیالی بائی پاس ، پرانا ریلوے اسٹیشن ، نوشہرہ روڈ اور اپر چناب نہر کے دورہ کے موقع پر ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی ستھرائی امور کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ریلوے لائن کے اطراف اور دیگر علاقوں میں صفائی ستھرائی کی بہتری کیلئے کنٹریکٹرز کو ہدایت کی ، انہوں نے کھیالی بائپاس روڈ پر واقع زیر تعمیر عمارت کا دورہ کرتے ہوئے کوڑا کرکٹ اور عمارت میں جمع بارشی، سیوریج پانی کے اخراج و صفائی کے لیے واسا، جی ڈبلیو ایم سی اور ڈینگی مچھر کی افزائش کے تدارک کیلئے محکمہ صحت کو سپرے کی ہدایت کی اورعمارت کے قانونی سٹیٹس کے حوالے سے متعلقہ حکام سے بھی رپورٹ طلب کرلی۔