سیالکوٹ:نرخ نامہ نظر انداز ،سبزیاں وگوشت پہنچ سے دور

سیالکوٹ:نرخ نامہ نظر انداز ،سبزیاں وگوشت پہنچ سے دور

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )مہنگائی کا جن ایک بار پھر بوتل سے باہرآگیا، شہر کی مارکیٹوں میں سبزیوں اور گوشت کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے دور ہونے لگیں۔

 دکانداروں نے سرکاری نرخ نامے کو مکمل طور پر نظرانداز کر دیا جبکہ کئی اشیا کے نرخوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔سرکاری نرخ کے مطابق ٹماٹر کی قیمت 95 روپے فی کلو مقرر کی گئی لیکن مارکیٹ میں درجہ اول ٹماٹر 140 روپے کلو تک فروخت ہو رہا ہے ۔ آلو کا سرکاری ریٹ 85 روپے کلو ہے مگر مارکیٹ میں 100 روپے وصول کیے جا رہے ہیں۔ پیاز کا سرکاری نرخ 60 روپے فی کلو مقرر ہے جبکہ دکاندار 80 روپے میں فروخت کر رہے ہیں۔لہسن چائنہ 270 روپے فی کلو مقرر ہونے کے باوجود مارکیٹ میں 350 روپے تک پہنچ گیا، ادرک چائنہ10روپے اضافے کے بعد سرکاری طور پر 490 روپے کلو ہے مگر مارکیٹ میں 600 روپے تک بک رہا ہے ۔ لیموں بغیر بیج 150 روپے کلو مقرر ہے جبکہ مارکیٹ میں 200 روپے میں فروخت ہو رہا ہے ۔دیگر سبزیوں میں بھنڈی 200 روپے ، کدو 180 روپے اور شملہ مرچ 230 روپے فی کلو فروخت کی جا رہی ہے ۔ برائلر گوشت کی قیمت میں بھی 11 روپے فی کلو اضافہ کر کے نیا ریٹ 588 روپے کر دیا گیا ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں