لدھیوالہ:3 روز سے لاپتہ خاتون کی لاش نالے سے برآ مد
عالم چوک ،لدھیوالہ وڑائچ،گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی ، نامہ نگار ،کرائم رپورٹر)تین روز سے لاپتہ 6 بچوں کی ماں کی لاش ملہی چوک کے قریب سیم نالے سے مل گئی۔۔۔
پولیس نے شوہر کو حراست میں لیکر مقدمہ درج کرلیا۔بتایا گیا ہے کہ کوٹ اسحاق گلہ ٹیلی فون ایکسچینج والہ کے رہائشی نذیر کی بیٹی (ن)کی شادی 13سال قبل کچا کھیالی روڈ کے فریاد سے ہوئی ،خاتون 3 روز قبل گھر سے اچانک لاپتہ ہوگئی ، تلاش کے باوجود کوئی سراغ نہ مل سکا جس پر تھانہ سبزی منڈی پولیس نے مقدمہ درج کرلیا، گزشتہ روز ملہی چوک کے قریب سیم نالہ سے خاتون کی لاش برآمد ہوگئی اس بارے علم ہونے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو ضروری کارروائی کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا،مقتولہ 6بچوں کی ماں تھی ، دوسری جانب خاتون کے ورثا کا الزام ہے کہ انکی بیٹی کا شوہر فریاد کیساتھ اکثر جھگڑا رہتا تھا، خاتون کی والدہ رضیہ بی بی نے الزام عائد کیا کہ ان کی بیٹی کو داماد فریاد نے ماں اور باپ کے ساتھ مل کرمبینہ طور پر قتل کر کے لاش نالے میں پھینک دی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے مقتولہ کے شوہر فریاد کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کر دی۔