گوجرانوالہ چیمبر :ون یونٹی گروپ کے معطل ممبران کی رکنیت بحال
بزنس گروپ کے اقتدار سنبھالنے کے بعد ایک سال قبل درجنوں ووٹ معطل کئے گئے تھے
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر) گوجرانوالہ چیمبر نے گزشتہ سال ون یونٹی گروپ کی معطل کی گئی درجنوں کارپوریٹ کلاس کی ممبرشپس بحال کرتے ہوئے متعلقہ ممبران کو سرٹیفکیٹس جاری کر دیے ۔ یہ بحالی ڈی جی ٹی او اسلام آباد میں کیس کی سماعت سے ایک روز قبل عمل میں لائی گئی۔ون یونٹی گروپ کے رہنما محمد صدیق بھٹی نے بتایا کہ تقریباً ایک سال قبل بزنس گروپ کے اقتدار سنبھالنے کے بعد انتقامی بنیادوں پر ون یونٹی گروپ کے درجنوں ووٹ معطل کر کے فائلیں ڈی جی ٹی او اسلام آباد کو ارسال کی گئی تھیں۔ ڈی جی ٹی او نے گزشتہ سال مئی میں سماعت کے دوران چیمبر کو فوری طور پر ووٹ بحال کرنے کی ہدایت کی تھی اور حکم عدولی پر چیمبر پر جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ چیمبر نے اس وقت ہدایت پر عمل نہیں کیا، تاہم ون یونٹی گروپ نے دوبارہ ممبران کی بحالی کے لیے کیس دائر کیا، جس پر ڈی جی ٹی او اسلام آباد نے گوجرانوالہ چیمبر کو نوٹس جاری کر کے طلب کیا۔ سماعت سے ایک روز قبل ہی چیمبر نے تمام ممبران کی ممبرشپس بحال کر کے سرٹیفکیٹس جاری کر دئیے ۔