پنجاب کالج بھارہ کہو میں اقبال فیسٹیول کا شاندار انعقاد

پنجاب کالج بھارہ کہو میں اقبال فیسٹیول کا شاندار انعقاد

علم و ادب، صحافت اور تعلیم کے شعبوں سے وابستہ ملک کی ممتاز شخصیات کی شرکت مختلف ہم نصابی و ادبی مقابلوں کا انعقاد ، شرکا کا علامہ اقبال کو زبردست خراج عقیدت

بھارہ کہو (دنیانیوز)پنجاب کالج بھارہ کہوکے شعبہ اردو کے زیرِ اہتمام شاعرِ مشرق علامہ اقبالؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے پُروقار اور علمی و ادبی ‘اقبال فیسٹیول’ کا انعقاد کیا گیا، جس میں علم و ادب، صحافت اور تعلیم کے شعبوں سے وابستہ ملک کی ممتاز شخصیات نے شرکت کی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی پاک و ہند کے معروف ناول نگار و افسانہ نگار حمید شاہد تھے ، صدارت کے فرائض نامور تجزیہ کار ڈاکٹر فاروق عادل نے انجام دیئے ۔ معروف محقق و نقاد پروفیسر ڈاکٹر شیر علی نے بطور مہمانِ اعزاز شرکت کی اور ریجنل ڈائریکٹر پنجاب گروپ آف کالجز پروفیسر اکرم چودھری بھی تقریب میں شریک ہوئے ۔ فیسٹیول کے دوران مختلف ہم نصابی و ادبی مقابلوں کا انعقاد کیا گیا جن میں تقاریر، مترنم کلامِ اقبال، خاکہ کشی، بیت بازی، کوئز، کردارِ تحریکِ پاکستان اور وی لاگ/فوٹوگرافی شامل تھے۔

مہمانِ خصوصی حمید شاہد، صدرِ محفل ڈاکٹر فاروق عادل، مہمانِ اعزاز پروفیسر ڈاکٹر شیر علی اور ریجنل ڈائریکٹر پروفیسر محمد اکرم چودھری نے علامہ اقبالؒ کے فکر و فلسفہ اور تصورِ خودی پر پُرمغز گفتگو کی۔ معزز مہمانوں نے کالج انتظامیہ کی محنت، لگن اور تقریب کے منفرد انداز کو بھرپور الفاظ میں سراہا۔اس موقع پر کالج کے پرنسپل پروفیسر یوسف ابراہیم نے اقبال فیسٹیول کے کامیاب انعقاد پر صدر شعبئہ اردو پروفیسر محمد ثقلین ضیغم، شعبے کے دیگر اراکین، وائس پرنسپلز اور تمام معاونین کو مبارک باد پیش کی۔ انہوں نے مقابلوں میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کرنے والی اور شریک طالبات کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کی علمی و ادبی سرگرمیاں نئی نسل کو افکارِ اقبالؒ سے روشناس کرانے اور ان میں خودی، خود اعتمادی، حب الوطنی اور فکری بالیدگی پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...