نسٹ سے ملکر اسلام آباد کو محفوظ شہر بنائیں گے ،وزیر داخلہ

 نسٹ سے ملکر اسلام آباد کو محفوظ شہر بنائیں گے ،وزیر داخلہ

مقامی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور ملکی ماہرین کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا جائے گاسموگ کے اسباب پر سائنسی تحقیق ،تدارک کیلئے نسٹ کیلئے 5کروڑ گرانٹ کا اعلان

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات سید محسن رضا نقوی نے کہا ہے کہ وزارت داخلہ و انسداد منشیات اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) مل کر اسلام آباد کو سمارٹ، محفوظ اور پائیدار دارالحکومت بنانے کے لئے کام کریں گے ، اس مقصد کے لیے مقامی تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور ملکی ماہرین کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا جائے گا۔ یہ بات انہوں نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور دیگر اعلی حکام کے ہمراہ نسٹ کے دورے کے دوران کہی جہاں اسلام آباد کو سمارٹ، محفوظ اور پائیدار شہر بنانے کے لئے حکومتی اداروں اور نسٹ کے درمیان تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔ نسٹ کے ریکٹر ڈاکٹر زاہد لطیف نے وفاقی وزیر کا خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر نسٹ کی تحقیق، پائیدار ترقی کے اہداف اور ماحولیاتی شعبے میں جاری اقدامات کے حوالے سے جامع بریفنگ دی گئی۔

وفاقی وزیر نے نسٹ کی تحقیقی اور تکنیکی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے قومی ترقیاتی منصوبوں میں مقامی ماہرین کی مہارت سے استفادہ کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے اسلام آباد میں سموگ کے اسباب پر سائنسی تحقیق اور اس کے تدارک کے لئے قابلِ عمل حکمت عملی کی تیاری کے مقصد سے نسٹ کے لئے 5 کروڑ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو سرسبز، سمارٹ اور پائیدار شہر بنانے کے لئے نسٹ اور کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر ترجیحی بنیادوں پر دستخط کئے جائیں تاکہ مشترکہ تحقیق اور ترقی کے منصوبوں کے لئے باقاعدہ فریم ورک قائم کیا جا سکے ۔ بعد ازاں وفاقی وزیر کو نسٹ کے کیمپس کا دورہ کرایا گیا جہاں انہیں بارش کے پانی کو ذخیرہ کرنے کے کنوں اور سپورٹس کمپلیکس سمیت مختلف سہولیات کا معائنہ کرایا گیا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...