پمز ،برن سینٹر کے معائنہ کیلئے 10 لاکھ فیس ،پی ایم ڈی سی
سینٹر کو متعلقہ دستاویزات، معلومات اور فیس چالان جمع کرانے کی ہدایت
اسلام آباد (ایس ایم زمان) پی ایم ڈی سی نے پمز کے شعبہ پلاسٹک اینڈ برنز ری کنسٹرکٹیو سرجری میں پوسٹ گریجویٹ پروگرام کو پی ایم ڈی سی ایکٹ 2022 کے مطابق رجسٹریشن کرنے کے معائنہ کرانے کے احکامات دیئے ہیں ۔ سینٹر کو متعلقہ دستاویزات، معلومات اور فیس چالان جمع کرانے کی ہدایت دی ہے ، پی ایم ڈی سی نے واضح کیا ہے کہ پروگرام کی منظوری اور رجسٹریشن کے بغیر مذکورہ پروگرام میں کسی طالب علم کو داخلہ نہ دیا جائے ۔ ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر عبد الخالق ملک کو مراسلہ بھجوایا گیا ہے ، مراسلہ میں پمز کے پروگرام منظوری کے لیے لکھے گئے خط کا حوالہ دیا گیا ہے ۔پی ایم ڈی سی کے مطابق پروگرام کی منظوری و رجسٹریشن کے لیے برن سینٹر کو پوسٹ گریجویٹ ایجوکیشن ریگولیشنز 2023 کے اپینڈکس ون اور ٹو پر مشتمل پی ایم ڈی سی پروگرام انفارمیشن فارم (پی آئی ایف) جمع کرانا ہوگا۔
پی ایم ڈی سی سے تسلیم شدہ یونیورسٹی یا ڈگری ایوارڈنگ انسٹی ٹیوٹ (ڈی اے آئی) کی جانب سے جاری کردہ الحاق کی رضامندی کی تصدیق شدہ کاپی بھی فراہم کرنا ہوگی۔ ہدایات کے مطابق پی ایم ڈی سی سے تصدیق شدہ فیکلٹی لسٹ کے ہمراہ تمام فیکلٹی ممبران کے پی ایم ڈی سی رجسٹریشن سرٹیفکیٹس کی نقول جمع کرائی جائیں جبکہ فیکلٹی رجسٹریشن کا عمل پی ایم ڈی سی ویب سائٹ پر موجود ڈاکٹر آن لائن پورٹل کے ذریعے مکمل کیا جانا لازم ہے ۔ برن سینٹر معائنہ کے لیے کل 10 لاکھ 50 ہزار روپے کا فیس چالان بھی جمع کرانا ہوگا جس میں فی کورس درخواست فیس ایک لاکھ روپے ، سرکاری اداروں کے لیے معائنہ فیس پانچ لاکھ روپے ، فی کورس انسپکٹر فیس ڈیڑھ لاکھ روپے اور سیکرٹریٹ فیس تین لاکھ روپے شامل ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments