ڈپٹی کمشنر کاشہرمیں صفائی ،عوام کو سہولیات کا جائزہ
گھروں سے کوڑااٹھانے ،صفائی کی ہدایت ، نوید احمد کاٹیچنگ ہسپتال کا بھی دورہ
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر )ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے علی الصبح شہر میں صفائی اورعوام کو سہولیات کاجائزہ لیا۔شمسی چوک، جی ٹی روڈ، گوندلانوالہ چوک، ریلوے پھاٹک اور ملحقہ علاقوں کے دورہ پر انہوں نے روڈ کے اطراف قائم عارضی تجاوزات پر ریڑھی بانوں کو رضاکارانہ طور پر تجاوزات ہٹانے اور مختص جگہ پر ریڑھیاں منتقل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے شہر کے مختلف علاقوں کے دورہ کے دوران صفائی ، تجاوزات کے خاتمے ، نکاسی آب کے امور کا جائزہ لیا۔
انہوں نے کوڑا کرکٹ کی گھروں سے کولیکشن کو سو فیصد تک لیجانے اور تمام علاقوں کو صاف ستھرا بنانے پر خصوصی توجہ دینے اورصفائی نظام کو مستقل بنیادوں پر بہتر بنانے کیلئے اضافی وسائل بروئے کار لانے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے شمسی چوک کے دورہ پر خوبصورت گوجرانوالہ مہم کے تحت چوک میں جاذب نظر مانومنٹ کی تعمیر کے منصوبے کا بھی معائنہ کیا۔بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے گوجرانوالہ ٹیچنگ ہسپتال کا اچانک دورہ کیا اورمفت ضروری ادویات فراہمی سمیت صحت کی سہولیات کا جائزہ لیا۔انہوں نے پبلک ٹوائلٹس، وارڈز میں صفائی بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہاسرکاری ہسپتالوں میں بہتر طبی سہولیات کی فراہمی وزیراعلیٰ اور ضلعی انتطامیہ کا مشن ہے ۔