جامعہ گجرات ریڈرز کلب کے زیر اہتمام تعارفی تقریب

جامعہ گجرات ریڈرز کلب کے زیر اہتمام تعارفی تقریب

پروفیسر ڈاکٹر زاہد یوسف ، ذوقیہ طارق، انیلہ عابد، عائشہ طارق ودیگرکی شرکت

گجرات(سٹی رپورٹر)جامعہ گجرات کے ریڈرز کلب کے زیر اہتمام نئے منتخب ہونے والے عہدیداران اور شامل ہونے والے اراکین کے اعزاز میں تعارفی تقریب کا انعقاد حافظ حیات کیمپس میں ہوا۔ مہمان خصوصی ڈین فیکلٹی برائے آرٹس پروفیسر ڈاکٹر زاہد یوسف تھے ۔ میزبانی کا فریضہ کوارڈنیٹر ڈاکٹررخسانہ ریاض نے انجام دیا۔مہمانان اعزاز میں انچارج میڈیا و پبلی کیشنز ڈاکٹر یوسف، ریڈرز کلب کے سابق عہدیداران ذوقیہ طارق، انیلہ عابد، عائشہ طارق، میر محسن علی، سید اسد بخاری ، رباب فاطمہ و دیگر شامل تھے ۔ریڈرزکلب جامعہ گجرات کی فعال طلبہ سوسائٹی کا فریضہ انجام دیتے ہوئے طلبہ میں مطالعہ و کتب بینی کے فروغ کے لیے نمایاں خدمات سرانجام دے رہا ہے ۔

تعارفی تقریب کا مقصد ریڈرز کلب کے نئے عہدیداران و اراکین کو خوش آمدید کہتے ہوئے انہیں کلب کے اعلیٰ مقاصد سے روشناس کروانا اور مطالعہ کتب و تبصرہ کتب بارے قیمتی تجاویز پیش کرنا تھا۔پروفیسر ڈاکٹر زاہد یوسف نے کہا کہ ادب و علم تہذیب انسانی کا قیمتی سرمایہ ہے ۔ مطالعہ کتب شعور و آگاہی بخشتے ہوئے انسانی معاشرے کے خدوخال کو نکھارتا ہے ۔ طلبہ کو یونیورسٹی میں دستیاب ذرائع ابلاغ ریڈیو، ٹیلی ویژن سٹوڈیو سے مستفید ہوتے ہوئے اظہار کے مختلف طریقوں سے روشناس ہونا چاہیے ۔ کتب بینی اور ذوق مطالعہ ایک بہتر شخصیت کی تعمیر میں معاون ہیں۔ ڈاکٹر یوسف نے کہا کہ کتابیں نئے خیالات سے آگاہی کا ذریعہ بنتے ہوئے اختراع و جدت کو پروان چڑھاتی ہیں۔مطالعہ کتب کے ذریعے ہمیں مصنف سے ہم کلام ہونے کا موقع ملتا ہے ۔ڈاکٹر رخسانہ ریاض نے ریڈرز کلب کے نئے عہدیداران اور اراکین کو خوش آمدید کہا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں