گجرات:پیرا فورس کا مختلف علاقوں میں تجاوزات کیخلاف آپریشن
جلالپور جٹاں، کنجاہ، منگوال میں فٹ پاتھ اور بازار کلیئر ، دکانداروں پر جرمانے عائد
گجرات (نامہ نگار )ڈپٹی کمشنر نورالعین اور سب ڈویژنل انفورسمنٹ آفیسر پیرا فورس عائشہ حیدر گوندل کی ہدایات پر انفورسمنٹ آفیسر فیصل بھٹی اور بائیکس ٹیموں نے جلالپور جٹاں، کنجاہ، منگوال اور سٹی ایریا میں تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کیا۔دورانِ کارروائی فٹ پاتھوں اور بازاروں میں قائم تجاوزات کو ہٹا دیا گیا، راستے کھولے گئے اور عوامی آمدورفت میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا گیا۔ متعدد دکانداروں کو موقع پر جرمانے عائد کیے گئے اور انہیں سختی سے تنبیہ کی گئی کہ آئندہ تجاوزات سے گریز کریں۔پیرا فورس ٹیم نے واضح کیا کہ عوامی سہولت اور شہر کی خوبصورتی اولین ترجیح ہے ۔ ان کارروائیوں کا مقصد بازاروں کو کشادہ، صاف ستھرا اور منظم بنانا ہے تاکہ شہریوں کو خریداری کے دوران بہتر ماحول میسر آ سکے ۔