آٹے کی نقل و حرکت پر پابندی ختم ورنہ ملیں بند : مالکان کی دھمکی

آٹے کی نقل و حرکت پر پابندی ختم ورنہ ملیں بند : مالکان کی دھمکی

حکومت کی طرف سے گندم نہیں مل رہی ، مہنگی خرید کر مارکیٹ ریٹ پر ہی آٹا دینگے ،انتظامیہ کیساتھ مکمل تعاون کیا ،ناانصافی ختم نہیں ہو رہی :نواز بٹ و دیگر

گجرات (سٹی رپورٹر ،نامہ نگار)گجرات فلور ملز ایسوسی ایشن نے ضلعی انتظامیہ اور پنجاب حکومت سے استدعا کی ہے کہ آٹے کی نقل و حمل سے بین الصوبائی پابندی ختم کی جائے تاکہ فلور ملز مالکان دوسرے اضلاع اور صوبوں کو بھی آٹے کی سپلائی اور دوسری مصنوعات کی سپلائی جاری رکھ سکیں۔ صدر نواز بٹ نے گجرات فلور ملز ایسوسی ایشن کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گجرات کی فلور ملوں کو 3ہزار روپے والی گندم ایل سی ڈی گورنمنٹ کی طرف سے نہیں دی گئی، اگر حالات یہی رہے تو فلور ملز ایسوسی ایشن 509 روپے والا آٹا دینے سے قاصر ہو جائیگی۔

گجرات میں گندم فلو ر ملوں کو نہیں دی جا رہی تو 509 روپے والا آٹا دینے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، مہنگی گندم خرید کر مارکیٹ کے ریٹ کے مطابق ہی آٹا دینگے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک ہو سکا لوکل انتظامیہ اور محکمہ خوراک کے ساتھ مکمل تعاون کیا ،اس وقت فلور ملز مالکان کے ساتھ نا انصافی ہو رہی ہے ، پنجاب میں اگر حالات یہی رہے تو فلور ملیں بند ہو جائیں گی۔ اجلاس میں عثمان پرویز، ارسلان پرویز، شیخ افضال، محمد شاہد، ابدال رفیق، معوذ خان، چودھری الیاس، چودھری مظہر، سیٹھ رؤف، افتخار احمد مٹو،علی مٹو، محمد شہزاد، سلمان جاوید، چودھری فاروق، سیٹھ افضل اور مبشر ڈار بھی موجود تھے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں