حافظ آباد : منشیات فروشی عام گداگروں کی یلغار پولیس بے بس شہری پریشان

حافظ آباد : منشیات فروشی عام گداگروں کی یلغار پولیس بے بس شہری پریشان

چوکوں چوراہوں ،شاہراہوں دکانوں پر گداگروں کی بھرمار نے شہریوں کا جینا محال کر دیا ، میگا فون پکڑ کر صدائیں ، منشیات فروشی اور گداگری کی کیخلاف منظم اقدامات کرنے کا مطالبہ

حافظ آباد(نامہ نگار،نمائندہ دنیا )حافظ آباد شہر میں پولیس گداگری ایکٹ پر عمل کر انے میں مکمل ناکام ہوکر رہ گئی۔ گلی کوچوں کے علاوہ چوکوں چوراہوں اور شاہراہوں پر گداگروں کی بھرمار نے شہریوں کا جینا محال کردیا۔ تفصیلات کے مطابق ایک طرف جہاں شہر بھر میں منشیات فروشی کا مذموم دھندہ عروج پر پہنچا ہواہے تو دوسری جانب سے گداگروں کی یلغار نے رہی سہی کسر نکال دی ۔ 

شہری کسی دکان یاریڑھی پر کوئی چیز خریدنے کیلئے جائیں تو مردوخواتین اور بچے لپک آتے ہیں اور اگر آپ کسی ایک گداگر کو بھیک دے دیتے ہیں تو اس کے وہاں سے جانے سے پہلے ہی وہاں پر مزید تین چار اور آتے ہیں جن سے بندے کی جان چھڑانی محال ہوجاتی ہے جبکہ گلی کوچوں میں بھی گداگروں نے ریڑھیوں اور ہاتھوں میں میگا فون پکڑ کر شہریوں کا جینا محال کررکھا ہے لیکن سٹی پولیس خواب خرگوش کے مزے لے رہی ہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شہر بھر سے منشیات فروشی کے ساتھ ساتھ گداگری کے خاتمہ کیلئے منظم بنیادوں پر اقدامات بروئے کارلائے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں