لدھیوالہ وڑائچ :ستھرا پنجاب کے ورکرز تنخواہ سے محروم
دو دن تک تنخواہ نہ ملی تو کام چھوڑ کر احتجاج پر مجبور ہو جائیں گے :سینٹری ورکرز
لدھیوالہ وڑائچ(نامہ نگار )ستھرا پنجاب پروگرام لدھیوالہ میں صفائی کرنے والے 50سینٹری ورکرز کو اکتوبر کی تنخواہ نہ مل سکی، سینٹری ورکرز کا کہنا ہے کہ دو دن تک تنخواہ نہ ملی تو کام چھوڑ کر احتجاج کا راستہ اپنانے پر مجبور ہو جائیں گے ۔تفصیل کے مطابق وزیر اعلیٰ کے ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت ویسٹ مینجمنٹ کمپنی گوجرانوالہ نے میونسپل کمیٹی لدھیوالہ سے صفائی کی مد میں5کروڑ روپے ماہانہ وصول کر کے صفائی کا ٹھیکہ امپیریل وینچر کمپنی کو دے رکھا ہے اور کمپنی نے لدھیوالہ کوٹ اسحاق میں کوڑے اٹھانے اور سڑک کی صفائی کیلئے 50سینٹری ورکرز تعینات کر رکھے ہیں اور متعلقہ کمپنی ان سینٹری ورکرز کو اکتوبر کی تنخواہوں کی ادائیگی نہ کر سکی۔ اس حوالے سے سینٹری ورکرز نے کہا کہ اب تو ہمارے گھروں میں نوبت فاقہ کشی تک آ گئی ، کب تک ادھار سے کام چلائینگے ، دکاندار وں نے ادھار گھر کا راشن ادھار دینے سے انکار کر دیا ۔سینٹری ورکرز نے ڈپٹی کمشنر سے اپیل کی کہ متعلقہ کمپنی کو تنخواہوں کی جلد از جلد ادائیگی کے احکامات د ئیے جائیں ۔