بجلی کنکشن فیس میں ہو شر با اضافہ ، سنگل فیز 22 ہزار 800 اور تھری فیز 67 ہزار روپے مقرر

بجلی کنکشن فیس میں ہو شر با اضافہ ،  سنگل فیز 22 ہزار 800 اور تھری فیز 67 ہزار روپے مقرر

سنگل فیز کی فیس 8440 روپے تھی ، گیپکو افسروں کا پرانی درخواستوں پر ڈیمانڈ نوٹسز جاری کرنے سے انکار،جدید میٹرو ں کے با عث قیمت بڑھی :حکام

گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)گیپکو نے بجلی کے نئے کنکشن ریٹ میں اضافہ کرکے صارفین کی مشکلات میں اضافہ کردیا ،سنگل فیز میٹراب 22ہزار800 روپے میں مہیا ہوگا جبکہ تھری فیز میٹرکا ریٹ 67 ہزارمقرر کردیا،گیپکو افسر وں نے پرانی درخواستوں پر ڈیمانڈ نوٹسز جاری کرنے سے بھی انکار کردیا ۔گیپکو کی حدود میں 7اضلاع گوجرانوالہ،سیالکوٹ ،گجرات،وزیر آباد،منڈی بہائوالدین ،حافظ آباد اور نارووال شامل ہیں جہاں سنگل فیز میٹرکا ریٹ 6440 تھا اور 2ہزار سکیورٹی فیس تھی،

اب گیپکو نے نئے ریٹس کی منظوری دیتے ہوئے سنگل فیز میٹر کا ریٹ 20 میٹر کیبل کیساتھ 22ہزار 800 کردیا اور زائد کیبل پر 1450 روپے فی میٹر اضافی وصول کیا جائیگا جبکہ سنگل فیز میٹر کے ساتھ ایل ٹی لائن اور بجلی پول پر ایک لاکھ 24 ہزار اضافی جمع کرانا ہوگااسی طرح تھری فیز میٹر کی قیمت 67 ہزار مقرر جس میں 20 میٹر کیبل ہوگی جبکہ اضافی کیبل پر 2050 روپے فی میٹر الگ چارج کیا جائے گا ، ایل ٹی اور بجلی پولز پر الگ 3لاکھ 24 ہزار روپے چارج ہونگے ۔ دوسری جانب گیپکو افسروں کا کہنا ہے کہ جدید اے ایم آر میٹروں کی تنصیب کی جائیگی جس کیلئے میٹر کی قیمت اور لاگت بڑھ چکی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں