سیالکوٹ: نالوں پر تجاوزات مسمار نکاسی آب کا نظام بحال ٹریفک روانی میں رکاوٹیں ختم
ایس ڈی ای او پیرا فورس اور عملے کا چوک شہیداں میں آپریشن ، دکانداروں کی جانب سے قائم کئے گئے پختہ تھڑے مسمار کر دئیے ،تاجروں سے صفائی میں رکاوٹ نہ ڈالنے اور تجاوزات کیخلاف تعاون کی اپیل
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر )ایس ڈی ای او افضل سکھیرا اور عملہ نے چوک شہیداں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران چوک میں نالوں کے اوپر بنائے پختہ تھڑے مسمار کردئیے ، کئی مقامات پر دکانداروں کی جانب سے نالیوں کے اوپر مستقل تعمیرات قائم کرنے سے سیوریج کے پانی کی نکاسی میں مسلسل رکاوٹ پیداہو رہی تھی اور صفائی عملہ کے کام میں شدید مشکلات پیدا کر دی تھیں اور نالیاں بروقت صاف نہیں ہو پا رہی تھیں،
عوام کی شکایات کے بعد ایس ڈی ای او محمد افضل سکھیرا اور عملہ نے تمام پختہ تھڑے ہٹا کر نالیوں کی صفائی مکمل کرائی اور رکاوٹیں دور کر کے نکاسی آب کے نظام کو بحال کر دیا ، سڑک کشادہ ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی بہتر ہو گئی، ایس ڈی ای او محمد افضل سکھیرا نے کہا کہ پیرا فورس کی شہر میں صفائی، نکاسی آب اور ٹریفک کی بہتری کیلئے بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہے ، انہوں نے شہریوں اور دکانداروں سے اپیل کی کہ نالیوں پر پختہ تعمیرات نہ کریں، صفائی میں رکاوٹ نہ ڈالیں اور تجاوزات کے خاتمے میں انتظامیہ کا ساتھ دیں تاکہ شہر کو صاف اور منظم رکھا جا سکے ۔