ایکسائز کی سیالکوٹ روڈ پر کارروائی، غیر قانونی سگریٹ ضبط

 ایکسائز کی سیالکوٹ روڈ پر کارروائی، غیر قانونی سگریٹ ضبط

گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر) ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ کی سیالکوٹ روڈ پر بڑی کارروائی کے دوران لاکھوں روپے مالیت کے غیر قانونی اور نان کسٹم پیڈ سگریٹ پکڑے گئے ، جنہیں بعد ازاں قانونی کارروائی کے لیے ایف بی آر کے حوالے کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق سیالکوٹ روڈ پر واقع ایک پان شاپ میں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی ٹیم نے اچانک چھاپہ مار کارروائی کی۔

کارروائی کے دوران سمگل شدہ سگریٹ کے بھاری بھرکم کارٹن برآمد کیے گئے ۔ آپریشن کی قیادت ای ٹی او رانا خشنود نے کی، جبکہ ایکسائز انسپکٹر میاں احتشام الحق نے اپنی ٹیم کے ہمراہ دکان کی تفصیلی تلاشی لی اور غیر قانونی سگریٹ قبضے میں لے لیے ۔ ٹیم کے مطابق ضبط شدہ سگریٹ کی مارکیٹ ویلیو لاکھوں روپے بنتی ہے ۔ایکسائز حکام کا کہنا ہے کہ ضلع بھر میں غیر قانونی سگریٹ کے خلاف سخت اور مسلسل کریک ڈاؤن جاری ہے۔

 تمام انسپکٹرز کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ مشکوک گاڑی، دکان یا گودام کی فوری تلاشی لی جائے اور برآمدہ سامان سمیت متعلقہ گاڑیوں کو بھی موقع پر ضبط کیا جائے ۔ ضبط شدہ سامان ایف بی آر کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ ذمہ دار افراد کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی سفارش بھی کر دی گئی ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں