ایل پی جی کی غیر قانونی ریفلنگ کے اڈے، زندگیوں کو خطرہ
عالم چوک ،لدھیوالہ وڑائچ ،کوٹ اسحاق، پپناکھہ ،مدوخلیل سمیت شہر بھر میں حفاظتی انتظامات کے بغیر کاروبار ، ضلعی انتظامیہ اور سول ڈیفنس خاموش
لدھیوالہ وڑائچ،عالم چوک(نامہ نگار ، نمائندہ خصوصی )ایل پی جی کی غیر قانونی ریفلنگ پر پابندی کے باوجود عالم چوک ،لدھیوالہ وڑائچ ،کوٹ اسحاق، پپناکھہ ،مدوخلیل سمیت شہر بھر میں ریفلنگ جاری، حفاظتی انتظامات کے بغیر غیر قانونی کاروبار سے شہریوں کی زندگی کو خطرات لاحق ہوگئے ،ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سول ڈیفنس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان لگ گیا۔
بتایا گیا ہے کہ ایل پی جی کی ریفلنگ کے دوران غیر معیاری سلنڈروں کے بلاسٹ سے ہونیوالے انسانی جانوں کے ضیاع کے بعد پنجاب حکومت نے ایل پی جی کی غیر قانونی ریفلنگ پر پابندی عائد کر رکھی ہے جس کے باوجود عالم چوک کوٹ اسحاق لدھیوالہ پپناکھہ مدوخلیل سمیت دیگر علاقوں کی رہائشی آبادیوں میں ایل پی جی کی غیر قانونی ریفلنگ کی جا رہی ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ سول ڈیفنس چاہے تو ایل پی جی کی غیر قانونی ریفلنگ کا کام ختم کیا جا سکتا ہے لیکن ایسا ہوتا ممکن نظر نہیں آ رہا اور اداروں نے ایل پی جی کی ریفلنگ کرنے والوں کو انسانی جانوں سے کھیلنے کی چھوٹ دے رکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انتظامیہ مافیا کیخلاف کارروا ئی کرے۔