ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کئے جائیں گے : ڈی سی
شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ ،گرین بیلٹس کی بحالی ، ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )ڈپٹی کمشنر صبا اصغر علی نے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی، سینی ٹیشن، گرین بیلٹس کی بحالی ، منظم ریڑھی بازار اور زیر تعمیر ترقیاتی منصوبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اپنے دورے کے دوران سرکلر روڈ، پیرس روڈ، علامہ اقبال روڈ، اڈہ پسروریاں، ٹرنک بازار، اردو بازار، اڈہ شہباز خان سمیت مختلف مقامات کا معائنہ کیا اور متعلقہ افسروں کو ہدایات جاری کیں کہ شہر میں صفائی کا معیار بہتر بنایا جائے، ریڑھی بازارمیں نظم و ضبط برقرار رکھا جائے اور ترقیاتی کاموں میں معیار اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
اس موقع پر چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ زبیر وٹو، ایم ڈی واسا فیصل شہزاد، ایکسین واسا حسین نثار بھی ہمراہ تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے سڑکوں کے اطراف گرین بیلٹس کی بحالی، سڑکوں کی مرمت، سیوریج کی بہتری اور صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے ریڑھی بازاروں میں ٹریفک کی روانی اور عوام کی سہولت کو یقینی بنانے کی ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کو صاف، منظم اور خوبصورت ماحول فراہم کرنے کے لیے پوری سنجیدگی سے کام کر رہی ہے اور تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں گے۔