صدر گوجرانوالہ چیمبر کی وزیر صحت، کمشنر، ڈی سی سے ملاقات
کارڈیالوجی ہسپتال کی منظوری خوش آئند، یونیورسٹی منصوبہ تعطل کا شکار ہونے پر تشویش
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)صدر گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری علی ہمایوں بٹ نے صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر، کمشنر گوجرانوالہ نوید حیدر شیرازی، ڈپٹی کمشنر نوید احمد کیساتھ ملاقات کی ، اس موقع پر رحمن الحق پھلروان، ابو بکر بٹ اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔صدر چیمبر علی ہمایوں بٹ نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی جانب سے گوجرانوالہ میں کارڈیالوجی ہسپتال منصوبے کی منظوری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف گوجرانوالہ بلکہ گردونواح کے عوام کیلئے جدید اور معیاری طبی سہولیات کی فراہمی میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا، کارڈیالوجی ہسپتال گوجرانوالہ کا دیرینہ مطالبہ حکومت نے پورا کرتے ہوے عوام کے دل جیت لیے ہیں، انہوں نے کہا کہ صوبے کے دیگر شہروں میں یونیورسٹیز قائم ہو چکی ہیں جبکہ گوجرانوالہ جیسے اہم صنعتی اور تجارتی شہر میں یہ منصوبہ تاحال تعطل کا شکار ہے جس سے نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے حصول میں مشکلات کا سامنا ہے اور دوسرے شہر سفر کرنا پڑتا ہے ،اس پر صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر نے یقین دہانی کر ائی کہ یونیورسٹی منصوبے کیلئے جلد فنڈز جاری کئے جائیں گے اور وہ اس منصوبے کو عملی شکل دینے اور اس کی بروقت تکمیل میں مؤثر کردار ادا کریں گے ۔