ڈاکخانے میں بجلی صارفین کیساتھ لاکھوں روپے کا فراڈ
رامتلائی پوسٹ آفس سیالکوٹ میں ستمبر کے بل جمع ہونے کے باوجود جرمانہ کیساتھ وصول ہونے پر انکشاف ،ذمہ داروں کو شوکاز نوٹس ، انکوائری افسر مقرر
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )رامتلائی پوسٹ آفس میں بجلی بلوں کی مد میں شہریوں سے لاکھوں روپے کے فراڈ کاانکشاف ہوا ہے ۔ چیف پوسٹ ماسٹر نے سخت کارروائی کر تے ہوئے ذمہ داروں کی نوکری سے برطرفی کیلئے شوکاز نوٹس جاری کرکے انکوائری افسر مقرر کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق پوسٹ ماسٹر رامتلائی ندیم شاہ نے اپنے برادرنسبتی ابرار شاہ و سٹاف کی ملی بھگت سے سیالکوٹ کے شہریوں سے بجلی بلوں کی مد میں آٹھ لاکھ روپے سے زائد کا فراڈ کیا۔
ماہ ستمبر 2025 کے بلز جمع ہونے پرذمہ دار کلرک کے سکرول پھاڑ کر ندیم شاہ ردی کی ٹوکری میں پھینک دیتا اور چند بلوں کے سکرول تیار کرکے گیپکو آفس بھیج دئیے جاتے۔ ملزم نے رقم سرکاری خزانے میں جمع کر انے کے بجائے خو رد برد کرلی اور سرکاری خزانہ کو لاکھوں روپے کا نقصان پہنچایا ، صارفین کو جرمانہ کے ساتھ بجلی بل آنے پر فراڈ کا انکشاف ہوا۔ چیف پوسٹ ماسٹر سیالکوٹ جی پی او ڈاکٹر حنا سکندر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے دو رکنی ویرفکیشن کمیٹی وسیم طارق منیجرارجنٹ میل سروس اور محمد یاسین اسسٹنٹ سپر نٹنڈنٹ پر مشتمل تشکیل دی۔
ویری فکیشن کمیٹی نے 57شہریوں کے بیان لئے ،فراڈ ثابت ہونے پر مرکزی ملزم ندیم شاہ کو نوکری سے برطرفی کیلئے شوکاز جاری کرتے ہوئے اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ گوجرانوالہ بلاول حسین کو انکوائری آفیسر مقرر کردیا۔ متاثرہ شہریوں نے وفاقی وزیر علیم خان، سیکرٹری مواصلات علی شیر محسود، ڈائریکٹر جنرل پاکستان پوسٹ سمیع اﷲ خان اور پوسٹ ماسٹر جنرل ضیا الحق رانجھا سے ذمہ داروں کو نشان عبرت بنانے اور اور کلیم کی ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔