چچا بھتیجی کی فوٹو والے اشتہار حکومت کی کار کردگی :اسلم گھمن
سمبڑیال(نامہ نگار)پی ٹی آئی کے ایم این اے بریگیڈئیر(ر)اسلم گھمن نے کہا ہے کہ چچا بھتیجی کی حکومتوں کی اپنی فوٹو والے اشتہارات لگوانے کے سوا کوئی کارکردگی نہیں ،
عوام کی فکر ہوتی تو سردی کے موسم میں 12 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ نہ ہوتی ،گندم، گنا، کپاس، آلو اور چاول کی فصل کاشت کرنے والا کسان اپنی بدحالی پہ رو نہ رہا ہوتا ،کسان فصل اگا کر بھی گھاٹے میں جا رہا ہے اس کے فصل اگانے پر آئے خرچے بھی پورے نہیں ہو رہے ،مطلب اس حکومت کی پالیسیوں کی وجہ سے کسان مسلسل نقصان میں ہے ،حکومت ہے کہ ترقی کے جھوٹے اشتہارات شائع کر ا رہی ہے کوئی شرم ہوتی ہے کوئی حیا ہوتی ہے ۔میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ حکومت سیلاب زدگان کی پریشانیاں بھی کم نہ کر سکی ان کو نقصان کا ایک دھیلا بھی نہیں ملا ،کوئی سیلاب میں بیٹھ جانے والی سڑک نہیں بنی ،کسی کا مکان نہیں بنا کسی کے سیلاب میں بہہ جانے والے مویشیوں کے بدلے مویشی لے کر نہیں د ئیے گئے ۔اجڑی فصلوں کا معاوضہ نہیں ملا یہ کیسی حکومت ہے جسے عوام کا ذرہ برابر بھی فکر نہیں ،سمبڑیال تا کھاریاں موٹر وے اور سمبڑیال میں یونیورسٹی کے فنڈز روکے ہوئے ہیں کیا یہ عوام دشمنی نہیں ۔