سیالکوٹ: سیوریج ڈالنے سے 3 آبی گزر گاہیں آلودہ
میٹرو پو لیٹن حکام کی غفلت سے نالہ پلکھو، ایک اور بھیڈ میں سیوریج ،ٹینزیز کا پانی شامل،آبی مخلوق کو بچایا جائے :محکمہ ماہی پروری
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )میٹرو کارپوریشن حکام کی غفلت کے با عث شہر سے گزرنے والے 3 آبی گزر گاہوں میں سیوریج کا پانی شامل کرکے گندے نالوں میں تبدیل کردیا، آبی مخلوق ہلاک ہو نے لگی ۔ میٹرو پولٹین کارپوریشن حکام کی غفلت اور لاپروا ئی کے باعث مقبوضہ جموں کشمیر سے سیالکوٹ شہر میں داخل ہوکر دریائے چناب میں داخل ہونے والے تین آبی ذخیروں نالہ پلکھو،نالہ ایک اور نالہ بھیڈ میں شہر کے سیوریج ،ٹینزیز کا پانی شامل کرکے پانی کو آلودہ ترین کردیا جس کی بنا پر مذکورہ آبی ذخیروں میں پائے جانے والی مچھلی، مینڈک ،کچھو ے ، سانپ ودیگر پانی میں آکسیجن نہ ہونے کی بنا پر ہلاک ہو رہے ہیں
اور مذکورہ آبی ذخیرے سیالکوٹ سے 60کلومیٹر سفر طے کرکے ہیڈ خانکی کے مقام پر دریائے چناب میں ملنے کے بعد دریائے چناب کے پانی کو بھی آلود ہ کررہے ہیں جس کی بنا پر دریا میں پائی جانیوالی مخلوقات بھی شدید متاثر ہورہی ہے اور فشریز ڈیپارٹمنٹ ہر سال دریائے چناب، دریائے جموں توی اور دریائے مناور توی میں لاکھوں مچھلیاں ،مچھلی کی پیدوارا کو بڑھانے کیلئے چھوڑنا پڑرہی ہیں۔ محکمہ فشریز کا کہنا ہے کہ آلودہ پانی آبی مخلوقات کو شدید نقصان پہنچا رہا ہے ، لہذامذکورہ آبی ذخیروں میں سیوریج کا پانی شامل کرنے پر پابندی کے فیصلے پر عملدرآمد کرایا جائے ۔