وزیرآباد، علی پور چٹھہ:منشیات سرعام فروخت ، نوجوان متاثر
وزیرآباد، علی پور چٹھہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر، تحصیل رپورٹر )منشیات وبا کی شکل اختیار کر گئی، نشہ آ ور انجکشن، آئس،شیشہ اور ہیروئن آسانی سے دستیاب ہونے کے با عث نوجوان موت کے منہ میں جانے لگے ۔
وزیرآباد، علی پورچٹھہ اور گردونواح میں منشیات کی کھلے عام فروخت اور نشئی افراد کے بڑھنے سے شہری تشویش میں مبتلا ہوکر رہ گئے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ نشہ اور ممنوعہ انجکشن سرعام فروحت ہو رہے ہیں تبھی تو ہر چوک چوراہے میں نشئی افراد نظر آتے ہیں ، طالبعلم اور نوجوان تیزی سے نشے میں مبتلا ہو رہے ہیں۔شہر کی گنجان آبادی میں لوگ نشہ کی مقدار پوری کر کے کوڑے کے ڈھیر یا گوشوں میں سستانے پڑ جاتے ہیں جبکہ متعدد مقامات پر انجکشن کے استعمال کی وجہ سے استعمال شدہ سرنجیں اور طبی فضلہ بھی پڑا رہتا ہے جس سے صحت عامہ کے سنگین مسائل پیدا ہو رہے ہیں ۔شہریوں نے آر پی او گوجرانوالہ، سی پی او اور ڈسٹرکٹ ڈرگ کنٹرول اتھارٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری نوٹس لیں اور علاقائی سطح پر واضح حکمتِ عملی کے تحت فوری، شفاف اور مؤثر کارروائیاں شروع کریں۔ماحولیاتی و صحت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ منشیات کا یہ پھیلاؤ نہ صرف فرد بلکہ پورے خاندان اور معاشرے کیلئے تباہی ہے ،شہریوں کا مطالبہ ہے کہ اگر حالات اسی طرح رہے تو آنے والی نسلیں ناقابل تلافی نقصان سے دوچار ہوں گی۔