گجرات:دوران ڈکیتی شہری کا قتل ، مجرم کوسزائے موت کا حکم
واجد نواز نے 2022 میں وقار کو رقم اور موٹر سائیکل چھین کر قتل کر دیا تھا
گجرات(سٹی رپورٹر)دوران ڈ کیتی شہری کو قتل کرنے والے مجرم کو سزائے موت کا حکم دیدیا گیا ، ایڈیشنل سیشن جج گجرات میاں جاوید اکرم بیٹو نے تھانہ صدر گجرات کے علاقہ نئیر انڈسٹری کے قریب کوٹ پتو کے رہائشی وقار علی کو دوران ڈکیتی قتل کرنے کے کیس میں واجد علی نواز سکنہ کیرانوالہ سیداں کو سزائے موت اور 7 لاکھ روپے ہرجانہ کی سزا اور ڈکیتی کے جرم میں 13 سال قید اور 80 ہزار روپے ہرجانہ کی سزا کا حکم سنادیا، ہرجانہ کی عدم ادائیگی کی صورت میں مجرم کو مزید 11 ماہ قید بھگتنا ہوگی، سزا پانے والے مجرم واجد علی نواز کا بھائی خالد نواز دوران ٹرائل وفات پاگیا تھا جبکہ خالد نواز کے بیٹے ملزم سرمد حسین کو عدالت نے اشتہاری قرار دے دیا ، ملزموں پر الزام ہے انہوں نے 3 فروری 2022 کو گجرات سے واپسی پر گھر جاتے نئیر انڈسٹری کے قریب وقار علی سکنہ کوٹ پتو کو فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا اور دوران وقوعہ مقتول کی جیب سے 90 ہزار روپے اور موٹرسائیکل چھین کر فرار ہوگئے تھے ،ملزموں کے خلاف مقتول کے بھائی غلام عباس کی مدعیت میں مقدمہ نمبر 84/2022 درج ہے ۔