ایڈوانس ٹیکس پالیسی نے برآمدات کو شدید دھچکا لگایا:صنعتکار
کٹوتیوں نے کاروباری سرمایہ منجمد کر دیا ، ٹیکسٹائل منسٹری کی فوری بحالی کا مطالبہ
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)ایڈوانس ٹیکس پالیسی نے برآمدات کو شدید دھچکا لگایا ،ایڈوانس ٹیکس سسٹم کے نفاذ کے باعث ملکی برآمدات بالخصوص ٹیکسٹائل ایکسپورٹ بری طرح متاثر ہو رہی ہے جس پر ایکسپورٹرز نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ٹیکسٹائل منسٹری کی فوری بحالی کا مطالبہ کر دیا ۔ گوجرانوالہ اور گردونواح سے تعلق رکھنے والے صنعتکاروں کا کہنا ہے کہ ایڈوانس ٹیکس کی کٹوتیوں نے کاروباری سرمایہ منجمد کر دیا ہے جس سے آرڈرز کی تکمیل اور عالمی منڈی میں مقابلہ مشکل ہو چکا ہے ۔گوجرانوالہ چیمبر سے وابستہ ایکسپورٹرزکا کہنا ہے کہ ایڈوانس ٹیکس کی مد میں بھاری رقوم کٹنے سے ایکسپورٹرز کو کیش فلو کے سنگین مسائل کا سامنا ہے جبکہ ریفنڈز کی تاخیر صورتحال کو مزید خراب کر رہی ہے ۔ایکسپورٹرز کا کہنا تھا کہ ٹیکسٹائل ملک کا سب سے بڑا زرمبادلہ کمانے والا شعبہ ہے مگر علیحدہ ٹیکسٹائل منسٹری کے خاتمے کے بعد یہ شعبہ پالیسی سپورٹ سے محروم ہو چکا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹیکسٹائل منسٹری فوری طور پر بحال کی جائے اور ایڈوانس ٹیکس سسٹم پر نظرثانی کرتے ہوئے برآمدات دوست پالیسیاں متعارف کر ائی جائیں بصورت دیگر برآمدی اہداف کا حصول ممکن نہیں رہے گا۔