حکومت کے بجائے تاجر فلاحی کام کر رہے :صدر گوجرانوالہ چیمبر
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)صدر گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری علی ہمایوں بٹ نے کہا ہے کہ۔۔۔
تینوں این جی اوز کی جانب سے معاشرے کیلئے انجام دی جانے والی خدمات قابلِ تحسین ہیں ڈاکٹر فاروق احمد خراجِ تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے صحت اور تعلیم کے شعبوں میں بے لوث قربانیاں دے کر مثال قائم کی آج وہ کام جو حکومت کو کرنا چاہیے وہ تاجر برادری انجام دے رہی ہے ، گوجرانوالہ میں متعدد بزنس مین مختلف ٹرسٹیز کے ذریعے سماجی خدمت میں مصروف ہیں اور چیمبر تعلیم اور فلاحی منصوبوں میں ہر سطح پر مکمل تعاون فراہم کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گوجرانوالہ چیمبر کے ایگزیگٹو ممبر حسن ثقلین کے زیرِ اہتمام سوسائٹی میں مثبت تبدیلی لانے والے افراد کے موضوع پر منعقدہ سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹرز شبیر بٹ نے کہا کہ معاشروں کی ترقی کیلئے کنزیومر سوچ کے ساتھ ساتھ ٹرانسفارمیٹو کردار اپنانا وقت کی اہم ضرورت ہے ، گوجرانوالہ کے لوگ دل کے بڑے ہیں اور ایسی فلاحی سرگرمیوں میں ہمیشہ آگے بڑھ کر ساتھ دیتے ہیں، انتظامیہ کی جانب سے جہاں بھی تعاون درکار ہوگا وہ ہر ممکن مدد فراہم کریں گے ، اجلاس میں دی سٹیزن فاؤنڈیشن ،دی ہنر فاؤنڈیشن اور چال فاؤنڈیشن کی تعلیمی، فنی اور فلاحی خدمات پر بریفنگ دی گئی۔