جبر اور فرسودہ نظام کیخلاف جدوجہد کرنا ہوگی :ڈاکٹر طارق
مغرب اور امریکہ کی جمہوریت کے نام پر اجارہ داری اور ظلم انسانیت دشمن قرار
گجرات (نامہ نگار،سٹی رپورٹر )جماعت اسلامی پنجاب کے امیرڈاکٹرطارق سلیم نے اسلامک سنٹرگجرات میں مغرب اور امریکہ کی جمہوریت کے نام پر اجارہ داری اور ظلم کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے انسانیت دشمن نظام قرار دیا ،انہوں نے کہا کہ مغرب کی پشت پناہی میں پاکستان سمیت کئی ممالک میں بدترین جمہوریت موجود ہے ، ایسے نظام کے ہوتے ہوئے عوام کو حقوق نہیں مل سکتے ، زمین پر ایک ہی خدا کا حکم چلے گا، جماعت اسلامی دنیا بھر میں مظلوم انسانیت کے لیے آواز اٹھا رہی ہے اور پاکستان میں اسلام کے عادلانہ نظام کے قیام اور عوام کے حقوق کے لیے برسر پیکار ہے ،ڈاکٹرطارق سلیم نے کہاکہ معاشرہ میں جبر اور فرسودہ نظام کو ختم کرنے کے لیے ہم سب کو متحد ہوکر جدوجہد کو تیز کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دو لخت ہوگیا، مشرقی پاکستان بنگلہ دیش بن گیا تاہم بنگلہ دیش کے عوام اب بھی ہمارے جسم اور قلب کا حصہ ہیں۔ آج بنگلہ دیش کے عوام میں پاکستان سے محبت اور بھارت سے نفرت کے شدید جذبات پائے جاتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ مغرب کی کھوکھلی جمہوریت اور انسانی حقوق کے دعوؤں کی ایک مثال غزہ کی ہے جہاں ہزاروں انسانوں کو شہید کردیا گیا، شہر کو ملبہ کا ڈھیر بنا دیا گیا، تاہم کسی نے اس پر آواز نہیں اٹھائی، ٹرمپ آج بھی اسرائیل کی مکمل پشت پناہی کررہے ہیں ۔