آن لائن پتنگوں کی فروخت میں ملوث نیٹ ورک پکڑا گیا
پشاور سے آ نیوالی بس سے 5ہزار پتنگیں ، کیمیکل ڈور کی 1800 چرخیاں برآ مد سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس کی بڑی کارروائی ، ڈرائیور سمیت 8 افراد کو گرفتار کر لیا
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس کی بڑی کارروائی، آن لائن پتنگوں کی فروخت میں ملوث نیٹ ورک بے نقاب ہو گیا ۔پتنگ اور ڈور سے بھری بس کو پکڑ کر 20 ہزار ممنوعہ پتنگیں،1800 کیمیکل ڈور کی گوٹیں اور چرخیاں برآمد کر کے بس ڈرائیور سمیت 8 افراد کو گرفتار کر لیا ۔ ایس ڈی پی اوسیٹلائٹ ٹاؤن امجد کھو کھر ایس ایچ او انسپکٹرعر فا ن منور نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے آن لائن پتنگوں کی فروخت میں ملوث نیٹ ورک کو بے نقاب کر دیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ انفارمیشن بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے پشاور سے لاہور آنے والی ایک بس کو روکا، تلاشی کے دوران بس سے پتنگ بازی کا بھاری سامان برآمد ہوا۔ پولیس نے بس سے تقریباً 20 ہزار ممنوعہ پتنگیں، 1800 عدد کیمیکل ڈور کی گوٹیں اور چرخیاں برآمد کر لیں۔ ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان سوشل میڈیا کے ذریعے آن لائن آرڈرز وصول کر کے مختلف اضلاع اور تحصیلوں میں پتنگیں اور سامان ڈیلیور کرتے تھے ۔اس موقع پر سٹی پولیس آفیسر گوجرانوالہ نے کہا کہ پتنگ بازی ایک جان لیوا عمل ہے جس سے قیمتی انسانی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہوتے ہیں۔ پتنگیں بنانے ، اڑانے اور سپلائی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں، ان کے خلاف کریک ڈاؤن بلا تعطل جاری رہے گا۔