کامونکے :پو لیس نے ایف آئی آرز تک رسائی محدود کر دی
تعریف پر مبنی خبریں دیں تو تعاون ورنہ رسائی نہیں ملے گی :عملہ ڈی ایس پی دفتر
کامونکے (تحصیل رپورٹر )پولیس نے اپنی کارکردگی پر اٹھنے والے سوالات سے توجہ ہٹانے اور تعریفی کوریج نہ ہونے پر ایف آئی آرز تک رسائی محدود کر دی ۔ ذرائع کے مطابق کامونکے میں چوری اور ڈکیتی کی بڑھتی وارداتوں پر قابو نہیں پایا جا سکا۔ ایف آئی آرز کی بنیاد پر میڈیا کو معلومات دی جاتی رہیں۔ ڈی ایس پی سرکل آفس کے عملے نے اس عمل پر ناراضی ظاہر کی اور ایف آئی آرز دکھانا بند کر دیں۔ عملے کا مؤقف ہے کہ اگر پولیس کی تعریف پر مبنی خبریں دی جائیں تو تعاون ہوگا بصورت دیگر کسی تھانے کی ایف آئی آر تک رسائی نہیں دی جائے گی۔ اس حوالے سے تمام تھانوں کو ہدایات جاری کی گئیں۔ بعد ازاں چند نمائندہ افراد نے نئے تعینات ڈی ایس پی سے ملاقات کر کے تحفظات سے آگاہ کیا۔ ڈی ایس پی نے واضح کیا کہ ان کی جانب سے ایسی کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی۔ دوسری جانب سرکل آفس کا عملہ ڈی ایس پی کا نام استعمال کر کے پولیس اور میڈیا کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کر رہا ہے ۔ فیلڈ میں کام کرنے والے میڈیا نمائندگان نے آر پی او اور سی پی او گوجرانوالہ سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کا فوری نوٹس لیا جائے ۔