پی ٹی آ ئی استحصالی نظام کیخلاف جدوجہد کر رہی :عمر ڈار
عمران خان کو خفیہ ہسپتال منتقل کرنا آئین وقانون کی کھلی خلاف ورزی
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ،ڈسٹرکٹ رپورٹر) پاکستان تحریک انصا ف کے مرکزی رہنما عمر فاروق ڈار نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کو خفیہ طور پر پمز منتقل کرنا، اہل خانہ، وکلا اور پارٹی قیادت کو جان بوجھ کر لاعلم رکھنا اور ان کے ذاتی معالجین تک رسائی روکنا آئین، قانون اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے ، وفاقی و پنجاب حکومت اور اڈیالہ جیل انتظامیہ فوری طور پر اس غیر آئینی، غیر قانونی اور بدنیتی پر مبنی کارروائی کو بند کریں۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ عمران خان سے ان کے اہل خانہ کی فوری اور بلا تاخیر ملاقات کرائی جائے اور ذاتی معالجین کو مکمل رسائی دی جائے ۔ ہمارا صبر مزید نہ آزمایا جائے ، اگر خدانخواستہ عمران خان کو کوئی بھی نقصان پہنچا تو اس غیر انسانی رویے کے نتائج کی تمام ذمہ داری وفاقی و پنجاب حکومت اور جیل انتظامیہ پر ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت استحصالی نظام کے خاتمہ کی جدوجہد کررہی ہے حقیقی تبدیلی قوم کا دیرینہ خواب ہے جسے ہم شرمندہ تعبیر کرکے دم لیں گے ، ملک کی آزادی و خود مختاری کو داؤ پر لگانے والے موجودہ کرپٹ نااہل حکمران ملک وقوم کے خیر وخواہ نہیں ۔