گلیانہ میں 5500فٹ طویل نکاسی آب نالہ بنانے کا فیصلہ
ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی نے منظوری دیدی ، کام ساڑھے 3ماہ میں مکمل ہوگا
گلیانہ ،گجرات (نامہ نگار ،سٹی رپورٹر)ڈپٹی کمشنر نورالعین قریشی کی زیر صدارت گلیانہ میں ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں گزشتہ سال ہونے والی شدید بارشوں کے باعث پیدا ہونے والے مسائل کے مستقل حل پر غور کیا گیا،اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ گلیانہ میں تقریباً 5 ہزار 500فٹ طویل نالہ تعمیر کیا جائے گا تاکہ آئندہ بارشوں کے دوران نکاسی آب کے مسائل سے بچا جا سکے ۔ اس منصوبے کیلئے سائٹ کا معائنہ پہلے ہی ضلعی افسر ، محکمہ آبپاشی اور واسا کے افسر مشترکہ طور پر کر چکے ہیں۔اجلاس میں نالے کی تعمیر کی سکیم کی منظوری دے دی گئی تاکہ بروقت اقدامات کے ذریعے گلیانہ کے عوام کو مستقبل میں بارشوں کے باعث درپیش مشکلات سے محفوظ رکھا جا سکے ۔ڈپٹی ڈائریکٹر ڈولپمنٹ تصور عباس نے بتایا کہ ساڑے تین ماہ کی مد ت میں نالہ کی تعمیر مکمل ہو جائیگی۔