لدھیوالہ وڑائچ10:سال قبل تعمیر ڈسپوزل غیر فعال
گٹرابلنے لگے ،گلی محلوں میں پانی جمع ، تعفن سے مچھر اور بیماریاں پھیلنے لگیں
لدھیوالہ وڑائچ(نامہ نگار )لدھیوالہ کے سیوریج کی نکاسی کیلئے 10سال قبل22کروڑ کی خطیر لاگت سے مغل چک میں تعمیر کیا گیا ڈسپوزل فعال نہ ہونے کے باعث گٹر ابلنے لگے ،گلی محلوں میں تعفن سے مچھر اور بیماریاں پھیلنے لگیں، شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے فوری نوٹس لے کر ڈسپوزل فعال کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ لدھیوالہ میں سیوریج کی نکاسی کا مسئلہ سنگین صورت اختیار کر گیا ، دس سال قبل سابق ایم این اے میاں طارق محمود نے 22کروڑ روپے کی خطیر لاگت سے مغل چک کے مقام پر ڈسپورزل تعمیر کروایا جو 10سال گزرنے کے باوجودلوگوں کے کام نہ آ سکا، گٹر بند ہونے اور پانی جمع ہونے کے باعث لوگوں کا گھروں سے نکلنا بھی محال ہو کر رہ گیا ہے ۔ دوسری جانب سیوریج لائنوں میں چھوٹے سائز کی پائپ لائنیں ڈالے جانے کی وجہ سے صفائی کا عمل بھی انتہائی مشکل ہو چکا ہے سینٹری ورکرز کو مشینری کے بجائے خود گٹروں میں داخل ہو کر صفائی کرنا پڑتی ہے ۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے مطالبہ کیا ہے کہ مغل چک کے ڈسپوزل کو فوری طور پر فعال کرنے کے احکامات د ئیے جائیں ۔