جیل میں قید 160شدید زخمی افراد علاج معالجہ سے محروم

جیل میں قید 160شدید زخمی افراد علاج معالجہ سے محروم

دنگا ،فساد ، مقابلوں میں زخمی افراد شامل ، گنجائش 1400، قیدی 4700موجود جیل حکام نے سی ای او ہیلتھ اور ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال کو صورتحال سے آگاہ کر دیا

گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر)سینٹرل جیل گوجرانوا لہ میں دنگا فساد، حادثات اور پولیس مقابلوں میں زخمی ہونیوالے 160کے قریب شدید زخمی علاج سے محروم قید کی سزا کاٹ رہے ہیں ، جیل ہسپتال میں صرف 59بیڈز ہیں اور اسیر وں کی تعداد 47سو سے زائد ہے جسکی وجہ سے ڈاکٹرز ، بیڈز اور ادویات کی شدید قلت ہے ،جیل میں 4700 اسیر وں کے لئے جنرل فزیشن اور میڈیکل آفیسر تو تعینات ہیں تا ہم شدید زخمی قیدیوں کے علاج کیلئے آرتھوپیڈک سرجن اور ڈریسرز موجود ہیں اور نہ ہی ادویات میسر ہیں۔ آرتھوپیڈک ڈاکٹرز کی عدم موجودگی کے باعث قیدی مریضوں کے زخم خراب ہونے کے شدید خدشات لاحق ہوچکے ہیں۔ جیل حکام نے سی ای او ہیلتھ اور ایم ایس ٹیچنگ ہسپتال گوجرانوالہ کو تحریری درخواست میں ابتر صورتحال سے آگاہ کیا ہے اور آرتھوپیڈک سرجنز، ڈاکٹرز، ڈریسرز ،نیز ادویات کی فوری فراہمی کی درخواست کی ہے ۔ یاد ر ہے کہ سینٹرل جیل گوجرانوالہ میں 1400اسیر وں کی گنجائش ہے جبکہ جیل میں 4700کے قریب اسیر پابند سلاسل ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں