ٹوٹے گٹروں کی مرمت ،ڈھکنوں کی تنصیب کا حکم
ڈپٹی کمشنر کا مختلف علاقوں کا دورہ ،نکاسی آب ، تجاوزات کے خاتمے کا جائزہ
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر )ستھرا پنجاب، صاف گوجرانوالہ مہم کے تحت ڈپٹی کمشنر و چیئرمین گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نوید احمد نے شہر کے مختلف اہم علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے جی ٹی روڈ، حافظ آباد روڈ، شمسی روڈ اور قائداعظم ڈویژنل پبلک سکول روڈ پر صفائی ستھرائی کے انتظامات، گرین بیلٹس کی حالت، نکاسی آب کے نظام، تجاوزات کے خاتمے اور کھلے گٹروں پر ڈھکنوں کی تنصیب کے امور کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود افسر وں کو ہدایت کی کہ شہر بھر میں صفائی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے اور تمام شاہراہوں، سروس روڈز اور رہائشی علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر صفائی کو یقینی بنایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ گرین بیلٹس کی مناسب دیکھ بھال، پانی کے نکاس کے بروقت انتظامات اور تجاوزات کے خاتمے سے نہ صرف شہر کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ شہریوں کو سہولیات بھی میسر آئیں گی۔ انہوں نے کھلے گٹروں اور ٹوٹے ہوئے ڈھکنوں کی فوری مرمت اور تنصیب کے احکامات جاری کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ انسانی جانوں کے تحفظ کے معاملے میں کسی قسم کی کوتاہی یا غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔