سیالکوٹ :ویزا فراڈ ‘ انسانی سمگلنگ میں ملوث 4ملزم گرفتار
ایف آ ئی اے کی گجرات ،سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور نارووال میں چھاپہ مار کا رروا ئیاں
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )ایف آئی اے گوجرانوالہ زون کا انسانی سمگلرز کے خلاف کریک ڈاؤن ،ایف آئی اے گوجرانوالہ زون کے سرکل انسداد انسانی سمگلنگ گجرات ، سیالکوٹ اور گوجرانوالہ کا انسانی سمگلروں کے گرد گھیرا تنگ کرتے ہوئے ویزا فراڈ اور مائیگرنٹ سمگلنگ میں ملوث 4ملزموں کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار ملزموں میں اورنگ زیب، یاسر خان، محمد رشید احمد اور تبسم اعجاز خان شامل ہیں۔ملزموں کوگجرات ،سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور نارووال کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا گیاگرفتار ملزم اورنگ زیب نے شہری اور اسکے تین بچوں کو ناروے بھیجنے کا جھانسہ دیکر 50 لاکھ روپے ہتھیا لیے ۔ گرفتارملزم یاسر خان نے کمبوڈیا بھجوا نے کا جھانسہ دیکر شہری سے 8 لاکھ روپے بٹو رلیے ، رشید احمد نے نیوزی لینڈ بھجوانے کا جھانسہ دیکر شہری سے 60 لاکھ روپے ہتھیا لیے جبکہ اعجاز خان نے شہری کو انگلینڈ بھجوانے کے جھانسے پر شہر ی سے ایک کروڑ 20 لاکھ روپے ہتھیائے ۔ گرفتار ملزموں نے مجموعی طور پر 2 کروڑ اور 38 لاکھ روپے ہتھیائے ۔ گرفتار ملزم شہریوں کو بیرون ملک بھجوانے میں ناکام رہے ،بھاری رقوم وصول کر کے روپوش ہو گئے تھے ۔ علاوہ ازیں ایف آئی اے سرکل سیالکوٹ نے اشتہاری ایجنٹ ناظم اور ملزم ایجنٹ رحمان علی کو گرفتار کر لیا ۔ زرائع کا کہنا ہے کہ ایجنٹ کی فیملی نے کمبوڈیا بھجوائے جانے والے شہری کو ابتدائی طور پر 6 لاکھ اور د بئی ورک ویزہ والے شہری بلال کو 2 لاکھ 50 ہزار روپے کیش اور باقی رقم کے چیک دئیے ۔ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانوالہ زون محمد بن اشرف کا کہنا ہے کہ ملزموں کے ساتھ نرمی نہیں برتی جائے گی اور ا نہیں سخت سزا دلوائی جائے گی۔