ڈسکہ :انتظامیہ نے کھلے گٹروں پر در خت کی شاخیں رکھ دیں
وزیر اعلیٰ کے احکامات مسترد ،شکایات کے با وجود میونسپل کمیٹی ڈسکہ کی خاموشی
منڈیکی گورائیہ(نامہ نگار )ڈسکہ میں وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات کے باوجود کھلے گٹروں پر ڈھکن نہ رکھے گئے ، ڈھکن رکھنے کے بجائے انتظامیہ نے کھلے گٹروں پرنشاندہی کیلئے پودے رکھ دئیے ۔ وزیراعلیٰ نے لاہور واقعہ کے بعد احکامات جاری کئے گئے تھے کہ کسی بھی علاقہ میں گٹروں کے ڈھکن کھلے نہ ہو جن گٹروں پر ڈھکن نہیں ہیں ان پر فوری ڈھکن رکھے جائیں تاکہ کوئی نا خوشگوار واقعہ رونما نہ ہوسکے مگر ڈسکہ میں انتظامیہ نے احکامات کو ہوا میں اڑا دیا اور کھلے گٹروں پر ڈھکن رکھنے کی بجائے نشاندہی کیلئے گٹروں کے اوپر پودے رکھ دئیے تاکہ شہریوں کو پتہ چل جائے کہ آگے گٹر کھلا ہوا ہے ۔ علاقہ بھرمیں کئی گلی محلوں اور سڑکوں پر گٹروں کے ڈھکن کئی مہینوں سے نہیں ہیں اور یہ کھلے گٹر حادثات کا موجب بن رہے ہیں مگر انتظامیہ راست اقدامات نہیں کر رہی ۔ شہریوں نے بتایاکہ اگر میونسپل کمیٹی ڈسکہ میں گٹروں کے کھلے ڈھکنوں کے متعلق شکایت کریں تو سب انجینئر کبیر سے رابطہ کرنے کا کہہ دیتے ہیں سب انجینئر کبیر کو شہری کالیں کرکے تھک جائیں وہ کال اٹینڈ ہی نہیں کر تے اور نہ ہی آفس میں ملتے ہیں ۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ ’کمشنر گوجرانوالہ ’ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اور اسسٹنٹ کمشنر ڈسکہ سے نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے ۔