پنڈی بھٹیاں :شر پسند گروپوں کی پر تشدد کاروائیوں میں اضافہ
گروپوں میں طلبہ و دیگر افراد شامل ، بعض ٹولوں کو بااثر شخصیات کی آشیر باد حاصل ڈینجرس گروپ کا طالبعلم پر تشدد ، واقعہ کی ویڈیو وائرل ہونے پر مقدمہ درج کرلیا گیا
پنڈی بھٹیاں (نامہ نگار )شہر اور گردونواح میں پرتشدد کارروائیوں میں اضافہ ہونے لگا، شہریوں میں عدم تحفظ کا احساس بڑھ گیا ۔بتایا گیا ہے کہ نوجوانوں کے ٹولوں میں کچھ سرکاری اور پرائیویٹ کالجوں کے سٹوڈنٹس جبکہ دیگر افراد بھی شامل ہیں اور آئے روز دنگا فساد کر کے لاقانونیت کرتے ہیں ، شر پسند ٹولے اکثر اوقات آپس میں دست وگریبان ہو تے ہیں اور سرعام ایک دوسرے پر تشدد کرتے ہیں جس سے کئی افراد زخمی ہو چکے ہیں جبکہ بعض مواقع پر شر پسندوں کے یہ جتھے نہتے نوجوانوں کو تشدد کا نشانہ بنا کر خوف وہراس پیدا کرتے ہیں ، گزشتہ روز بھی ایک پرائیویٹ کالج کے قریب مسلح جتھے ڈینجرس گینگ کے نوجوانوں نے سرعام ایک طالبعلم کو تشدد کا نشانہ بنایا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ، پولیس نے ڈینجرس گینگ کے مسلح نوجوانوں کے خلاف اغوا اور تشدد کا مقدمہ درج کرلیا ۔ ذرائع کے مطابق کچھ مسلح گروہوں کو مبینہ طور پر بااثر شخصیات کی آشیر باد بھی حاصل ہے جس کی وجہ سے یہ گینگز قانون شکنی کرکے فخر محسوس کرتے ہیں ۔قانون نافذ کرنے والے ادارے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ،تعلیمی ادارے بھی گروپوں میں شامل زیر تعلیم طلبہ کیخلاف کوئی کا رروا ئی نہیں کر رہے ۔ شہریوں نے قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے شر پسند عناصر کیخلاف سخت کار روائی کا مطالبہ کیا ہے تاکہ شہر میں امن وامان کی صورتحال خراب نہ ہو ۔