چھٹی کرنے پر مزدور کو سنگل سے باندھ کر بد ترین تشدد
شکیل یوسی چیئرمین کے بھا ئی کا ملازم تھا ، 32ہزار روپے ایڈوانس لے رکھے تھے آصف نے طیش میں تشدد کا نشانہ بنایا ، مقدمہ درج ، ملزم کی گرفتاری کیلئے چھاپے
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)32 ہزار روپے کی پیشگی مزدور کیلئے وبال جان بن گئی ، چھٹی کرنے پر مزدور کو سنگل سے باندھ کر بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا،پولیس نے مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ۔محمد جمیل سکنہ محلہ یوسف پورہ نے تھانہ میں درخواست دائر کی کہ اس کا 25 سالہ بھائی شکیل 4 ماہ سے یونین کونسل 37کے چیئر مین یوسف انصاری کے بھائی آصف کے پاس نوشہرہ روڈ، گلہ کڈز ہائی سکول والا میں بطور مزدور کام کر رہا تھا۔ آصف نے 32 ہزار روپے بطور پیشگی لے رکھے تھے ۔ 4فروری 2026 کو دوپہر 12 بجے جب رقم کی واپسی کا مطالبہ کیا گیا تو آصف نے طیش میں آکر شکیل کو مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا، گالیاں دیں اور سنگل کے ساتھ باندھ دیا۔ مدعی کے مطابق ملزم نے جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیں جس کے بعد وہ خود فیکٹری پہنچا اور منت سماجت کے بعد اپنے بھائی کو آصف اور ایک نامعلوم شخص سے چھڑوا کر لے آیا۔پولیس نے مدعی کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی جبکہ ملزم کی گرفتاری کیلئے کارروائی جاری ہے ۔