گیپکو ملازمین کاایف آئی اے کیخلاف شدید احتجاج

 گیپکو ملازمین کاایف آئی اے کیخلاف شدید احتجاج

2سال قبل واقعہ میں سزائوں کے با وجود گرفتاریاں نا قابل قبول :مقررین

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )گیپکو ملازمین کی جانب سے ایف آئی اے کیخلاف شدید احتجاج کیا گیا ۔ احتجاج میں ایس سی واپڈا محمد جاوید کے علا و ہ ایکسین خواجہ فواداسلم بٹ ، ایکسین حافظ عمران، ایکسین اظہر گھمن ایکسین ملک اختر عباس اعوان سمیت بڑی تعداد میں ورکرز اور افسر وں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے شدید نعرے بازی کرتے ہوئے ایف آئی اے کے رویے کیخلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ لگ بھگ دو سال قبل پیش آنے والے ایک واقعہ جس میں ایک 14سالہ بچہ گھر کے قریب سے گزرنے والے 11کے وی بجلی کے تاروں کو چھونے کے باعث دونوں ہاتھوں سے محروم ہو گیا تھا، محکمہ نے واقعے کی مکمل انکوائری کے بعد غفلت کے مرتکب ملازمین کو سزائیں دے کر کیس بند کر دیا تھا۔ زونل چیئرمین سیٹھ فیاض، سیکرٹری زاہد رشید اور سیکرٹری راشد علی نے الزام عائد کیا کہ دو سال گزرنے کے بعد ایف آئی اے سیالکوٹ نے بند شدہ کیس کو دوبارہ کھول کر مبینہ طور پر پیسے کمانے کا ذریعہ بنا لیا ۔ مظاہرین کے مطابق ایک ہی کیس میں اب تک ایک ایکسین، دو حاضر سروس ایس ڈی اوز، ایک ریٹائرڈ ایس ڈی او، دو لائن سپرنٹنڈنٹس اور ایک لائن مین کیخلاف مقدمات درج کر کے گرفتاریاں عمل میں لائی جا رہی ہیں اور تشدد کیا جا رہا ہے جو کہ ملازمین کے ساتھ سراسر ناانصافی ہے ۔احتجاجی مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ غیر منصفانہ اور بلاجواز گرفتاریوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے اور ملازمین کو ہراساں کرنے سے باز رہا جائے ، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں