لا ہور میں بسنت،شادی سیزن،ٹرانسپورٹ کی شیدید کمی،من مانے کرائے ،مسافر خوار
دوسرے شہروں کو جانیوالے مسافروں کاسواری کے انتظار میں سڑکوں پر ہجوم ، موٹر سائیکل رکشوں ، ٹرالیوں اور منی ٹرکوں میں غیر محفوظ سفر پر مجبور ،ٹرانسپورٹ فراہمی کا مطالبہ
کامونکے (تحصیل رپورٹر )لاہور میں بسنت اور شادی بیاہ کے سیزن کے باعث جی ٹی روڈ پر مسافر بسوں اور ویگنوں کی شدید کمی ہو گئی جس کے باعث روزانہ سفر کرنے والے مسافر شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور دیگر دور دراز علاقوں کو جانے والے مسافروں کو گھنٹوں سڑکوں پر انتظار کرنا پڑ رہا ہے ۔مسافروں کا کہنا ہے کہ بسنت اور شادیوں کے سیزن میں زیادہ تر گاڑیاں بکنگ پر چلی جاتی ہیں جس سے شہریوں کیلئے سفری سہولیات تقریباً ناپید ہو جاتی ہیں کرایوں میں بھی من مانا اضافہ کر دیا گیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق بسوں اور ویگنوں کی کمی کے باعث شہری مجبور اً رکشوں، چاند گاڑیوں، ٹرالیوں اور منی ٹرکوں میں غیر محفوظ سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ مسافروں نے ضلعی انتظامیہ اور ٹرانسپورٹ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ بسنت اور شادیوں کے سیزن کے دوران اضافی بسوں اور ویگنوں کا انتظام کیا جائے ، کرایوں پر کنٹرول کیا جائے اور غیر محفوظ سواریوں کے خلاف فوری کارروائی کی جائے ۔