ڈپٹی کمشنر صفائی و نکاسی آب کی ناقص صورتحال پر برہم

ڈپٹی کمشنر صفائی و نکاسی آب کی ناقص صورتحال پر برہم

مختلف علاقوں کا دورہ ، تمام کوڑا پوائنٹس فوری صاف کرنے کے احکامات

گوجرانوالہ (سٹاف رپورٹر)ڈپٹی کمشنر و چیئرمین جی ڈبلیو ایم سی نوید احمد کا مختلف علاقوں کا دورہ، صفائی و نکاسی آب کی ناقص صورتحال پر برہمی۔ ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ و چیئرمین گوجرانوالہ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نوید احمد نے علی الصبح مکی روڈ کھیالی بائپاس، بنک روڈ نزد سی ٹی او آفس، جی ٹی روڈ، ڈنگہ پھاٹک اور دیگر ملحقہ علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے گلی محلوں، مارکیٹوں، گرین بیلٹس اور سروس روڈز میں صفائی ستھرائی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر نے مختلف مقامات پر صفائی کی ناقص صورتحال پر سخت اظہارِ برہمی کرتے ہوئے تمام کوڑا پوائنٹس فوری طور پر صاف کرنے کے احکامات جاری کئے ۔ انہوں نے واسا حکام کو خستہ حال اور غائب گٹروں کے ڈھکنوں کی فوری مرمت و تنصیب یقینی بنانے کی ہدایت کی تاکہ ممکنہ حادثات سے بچا جا سکے ۔ مکی روڈ کھیالی بائپاس پر گٹر کے غائب ڈھکن کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات بروئے کار لانے اور فوری تنصیب کے احکامات د ئیے گئے ۔ڈپٹی کمشنر نے وال چاکنگ اور غیر قانونی تشہیری پوسٹرز کے خاتمے کے بھی احکامات جاری کئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں