حافظ آبا د:انتقال کا ندراج اور فرد کا حصول مشکل ،شہری خوار
حافظ آبا د(نامہ نگار ، نمائندہ دنیا )حافظ آباد میں رجسٹری کے بعد انتقال درج کر انے اور فرد کے حصول کا عمل عوام کیلئے اذیت بن گیا ۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ کمپیوٹرائزڈ سسٹم کے مکمل طور پر فعال ہونے تک رجسٹری کے بعد انتقال اور فردات کے اجرا پر عملاً پابندی عائد کر دی گئی ہے جس کے باعث شہری پریشانی کا شکار ہیں۔ ذرائع کے مطابق محکمہ ریونیو کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ رجسٹری کے ساتھ ہی انتقال کا اندراج کیا جائے مگر موجودہ صورتحال میں جن شہریوں نے رجسٹریاں مکمل کروا رکھی ہیں، ان کے انتقال درج نہ ہونے کے باعث وہ اپنی عمارتوں کے نقشے تک اپلائی نہیں کر پا رہے ۔ ڈیجیٹائزیشن کا عمل ابھی مکمل نہیں ہوا، اس کے باوجود مینول سروسز بند کر دی گئی ہیں، جس سے عوام کو براہِ راست نقصان پہنچ رہا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ سنگین مسئلے پر ڈپٹی کمشنر کو فوری نوٹس لینا چاہیے تاکہ شہریوں کو روزانہ کی بنیاد پر ذلت و خواری سے بچایا جا سکے ۔ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ خفیہ طور پر فرد کے اجرا کے عوض ہزاروں روپے وصول کیے جا رہے ہیں ۔