مینڈیٹ چور حکمرانوں کیخلاف عوام سراپا احتجاج :ریحانہ ڈار

مینڈیٹ چور حکمرانوں کیخلاف عوام سراپا احتجاج :ریحانہ ڈار

مینڈیٹ چور حکمرانوں کیخلاف عوام سراپا احتجاج :ریحانہ ڈار حکمرانوں کی نااہلی نے سیاسی قیادت پر عوام کااعتماد ختم کردیا :صحافیوں سے گفتگو

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا،ڈسٹرکٹ رپورٹر )پاکستان تحریک انصاف کی ٹکٹ ہولڈر ریحانہ امتیاز ڈار نے کہا ہے کہ پنجاب میں ترقی صرف اشتہارات اور دعوؤں تک محدود ہو کر رہ گئی ہے جبکہ عوام عملی طور پر غربت ،مہنگائی اور بے روزگاری کے عذاب میں مبتلا ہیں، حکمرانوں کی نااہلی کے خلاف عوام سراپا احتجاج ہیں، حکمرانوں کی آمرانہ ذہنیت نے ملک کو پہلے سے زیادہ انتشار اور معاشی مشکلات سے دو چار کردیا ہے ، انتخابات میں دھاندلی اور نتائج کی تبدیلی کے خلاف احتجاج کرنا پی ٹی آئی کا حق ہے جسے سلب کرنے کی خاطر ریاستی طاقت و حاصل آئینی اختیارات کا ناجائز استعمال کیا گیا ،تحریک انصاف کے پرامن کارکنوں پر مقدمات درج کرنے سمیت ان کی گرفتاریوں کیلئے گھروں پرمارے جانے والے چھاپوں کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ، حکمرانوں کی نااہلی نے ملکی سیاسی قیادت پر عوام کے اعتماد کا خاتمہ کردیا اور عوام میں سنسنی ،مایوسی اور ناامیدی پھیلائی جارہی ہے ۔

قوم کی مایوسی کی بنیادی وجہ عام انتخابات میں عوامی مینڈیٹ کی چوری ہے ،باشعور عوام نے انتخابات میں بیداری کا ثبوت دیا خصوصاً نوجوانوں نے سیاسی وجمہوری عمل کا حصہ بن کر ووٹ ڈالے مگر انکے حق رائے دہی پر ڈاکہ مارا گیا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علی اشرف مغل (سپر ایشیا والوں )کے والد کی وفات پران کی رہائش گاہ پر اظہار تعزیت وفاتحہ خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ علاوہ ازیں ریحانہ امتیاز ڈار،روبا عمر ڈار نے تحریک انصاف کے دیرینہ کارکن باؤ امجد لطیف بٹ کی وفات پر بھی اہلخانہ سے تعزیت کی اور مرحوم کی پارٹی کیلئے خدمات کو سراہا ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں