نوشہرہ:شارٹ سرکٹ، گھر میں آتشزدگی، بچی جاں بحق
نوشہرہ ورکاں (تحصیل رپورٹر)شارٹ سرکٹ سے گھر میں آتشزدگی،7 سالہ بچی جاں بحق، لاکھوں روپے کا سامان جل گیا،بتایاگیا ہے کہ۔۔۔
نوشہرہ ورکاں کے نواحی گاؤں کرلکے میں گزشتہ رات شارٹ سرکٹ کے باعث ایک رہائشی مکان میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں 7سالہ ملیکہ دختر نعیم جھلس کر جاں بحق ہو گئی، جبکہ گھر میں موجود لاکھوں روپے مالیت کا سامان جل کر راکھ ہو گیا،واقعہ اس وقت پیش آیا جب بچی کے والدین کسی کام کے سلسلے میں گھر سے باہر گئے ہوئے تھے اور چار کمسن بچے گھر میں اکیلے موجود تھے ۔ اچانک آگ لگنے پر بچے کمرے سے باہر نکل آئے ،تاہم ملیکہ جو نیند کی حالت میں تھی ،مبینہ طور پر دوبارہ کمرے میں چلی گئی جس کا دیگر بہن بھائیوں کو علم نہ ہو سکا، آگ کی شدت میں تیزی سے اضافہ ہونے کے باعث بچی شدید جھلس گئی اور موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں ،ریسکیو ذرائع کے مطابق آتشزدگی کے باعث تقریباً دس لاکھ روپے سے زائد مالیت کا سامان جل کر خاکستر ہو گیا۔